ربیع الاول کےحوالے سے سندھ میں سیکیورٹی اقدامات کو غیر معمولی بنایا جائے۔آئی جی سندھ

کراچی (ویب ڈیسک)آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے پولیس کو جاری ہدایات میں کہا کہ ربیع الاول کے موقع پر بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ جیسے اقدامات پر مشتمل رینج/ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر تمام مسالک سے تعلق رکھنے والی مذہبی شخصیات

رہنماؤں اور قائدین سے باقاعدہ مشاورت/ تجاویز اور آراء کی روشنی میں فول پروف کنٹی جینسی پلان ترتیب دیکر برائے ملاحظہ و مذید ضروری اقدامات ارسال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کنٹی جینسی پلان کی تیاری میں ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے ایسی حکمت عمل اور لائحہ عمل تیار کیا جائے کہ جسکے تحت چپ تعزیئے,12ربیع الاول کےجلوسوں,محافل میلاد وعظ ودیگر اجتماعات کے دوران قیام امن کے حالات کو مذید مستحکم اور مؤثر بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ترتیب دیئے جانیوالے سیکیورٹی پلان کے تحت ماہ ربیع الاول کے دوران بین المسالک ہم آہنگی کے  فروغ جیسے اقدامات کو مؤثر اور مربوط بنانیکے ضمن میں علاقوں کی سطح پر تمام مذہبی رہنماؤں/شخصیات/علماءکے انفرادی اور اجتماعی کردار کے حوالے سے اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو استعمال میں لایا جائے۔

آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ 12ربیع الاول کی مناسبت سے ٹریفک پلان کی ترتیب اور اس پر عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے ٹریفک پولیس خصوصی اقدامات کی بدولت ٹریفک کی روانی کو جاری رکھنے کے لیئے دستیاب افرادی قوت/وسائل کو بروئے کار لائے۔