Categories
پاکستان

فواد چودھری کے بعد پی ٹی آئی کے ایک اور مرکزی رہنما گرفتار

لاہور: )ویب ڈیسک) پولیس نے فواد چوہدری کے بھائی کو گرفتار کرلیا۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان نے جی ٹی روڈ پر احتجاج کیا جس میں فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری اور سابق ایم پی اے چوہدری ظفر بھی موجود تھے۔ پولیس نے فواد چوہدری کے

بھائی فراز چوہدری کو گرفتار کرلیا جس کی تصدیق پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے کی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیریں مزاری نے فراز چوہدری کی گرفتاری کی تصدیق کی۔ فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری بھی ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کر دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے گزشتہ روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے جس کے بعد قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے صرف منحرف اراکین اور چھٹیوں کی درخواست دینے والے 2 اراکین باقی رہ گئے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کر کے انہیں ڈی نوٹیفائی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا۔ اب اطلاعات ہیں کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی 43 اراکین کو ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔ اب تک کن ارکان کے استعفے منظور ہوئے؟ یاد رہے کہ چند روز قبل بھی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 34 اراکین قومی اسمبلی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے منظور کیے تھے۔ اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جولائی 2022 میں بھی پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے جس میں سے کراچی سے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے عدالت میں درخواست دائر کر کے اپنے استعفے کی درخواست واپس لے لی تھی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے 20 جنوری کو پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے۔ اب مزید 43 استعفوں کی منظوری کے بعد مجموعی طور پاکستان تحریک انصاف کے 122اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 123اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔