Categories
شوبز

میشا شفیع کیس کا اصل راز کیا ہے؟ علی ظفر نے انکشاف کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور گلوکار علی ظفر نے میشا شفیع کیس کے اصل راز سے پردہ اُٹھا دیا۔ حال ہی میں گلوکارعلی ظفر نے ایکسپریس ٹی وی کے پروگرام ’دی ٹاک ٹاک شو‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے شو کے میزبان حسن چوہدری سے میشا شفیع کے ساتھ اپنے تنازع پر کھل کر بات کی۔

حسن چوہدری کی جانب سے میشا شفیع کیس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر علی ظفر نے انکشاف کیا کہ انہیں ایک بہت بڑی ملٹی نیشنل کمپنی کی جانب سے ایک بڑا پراجیکٹ ملا جو کسی اور فنکار کو تبدیل کر کے انہیں دیا گیا تھا اورانہوں نے اس کمپنی کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔ علی ظفر کا کہنا تھا کہ کیونکہ اس پراجیکٹ کیلئے ان کو ایک بڑی رقم آفر کی گئی تھی اس لئے انہوں نے اس آفر کو قبول کر لیا اور اس پراجیکٹ کا حصہ بن گئے مگر انہیں اس کے فوری بعد ہی براہِ راست دھمکیاں ملنے لگیں کہ وہ اس پراجیکٹ سے انکار کردیں ورنہ نتیجہ اچھا نہیں ہوگا۔ علی ظفر نے بتایا کہ انہوں نے دھمکیوں میں آنے کے بجائے بغیر ڈرے اس پراجیکٹ پر کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد دیکھنے میں آیا کہ سوشل میڈیا پر ان کے نام سے فیک اکاؤنٹ بن گئے اور ان کے بارے میں غلیظ باتیں پھیلنا شروع ہوگئیں۔ علی ظفر کا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ کی شوٹنگ سے ایک دن قبل کی گئی ایک ٹوئٹ نے ان کی زندگی بدل دی ان کے سارے پراجیکٹس رُک گئے ان کی آنے والی فلم اور دیگر کام ختم ہوگئے جبکہ ان کے مداح بھی انہیں غلط نظر سے دیکھنے لگے۔ گلوکار کا کہنا تھا کہ میں نے انصاف کیلئے ہتک عزت کا کیس کیا جو 5 سال بعد بھی تاحال جاری ہے مگر محترمہ (میشا شفیع) جرح کیلئے پاکستان میں ہوتے ہوئے بھی پیش نہیں ہوتیں کہتی ہیں کینیڈا سے ویڈیو لنک پر جرح کریں مگر پھر بھی حاضر نہیں ہوتیں۔ پاکستان کے عدالتی نظام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ عدالت کے ذریعے مجھے انصاف کی امید تھی میں فیکٹ پر بات کرنا چاہتا تھا لیکن مجھے نہیں معلوم تھا کہ اس ملک میں ہمیں انصاف کے حصول کے لیے اتنا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے تنازع کے بعد ہونے والے نقصانات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے نقصانات کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا میں نے کروڑوں کے معاہدے کھوئے، وہ سب دستاویزی ہیں‘۔ اپنے مشکل وقت کے بارے میں بات کرتے ہوئے علی کا کہنا تھا کہ میں نے اتنی سختیاں برداشت کی ہیں کہ اب کچھ بھی مشکل محسوس نہیں ہوتی دو تین سال تک گھر میں بیٹھا رہا لیکن اس پر بھی میں نے اپنے اللہ کا شکر ادا کیا، اس چیز کے بعد میں اپنے رشتوں کی پہلے سے زیادہ قدر کرتا ہوں۔ یاد رہے کہ ساتھی گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سےعلی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کئے گئے تھے جس پر علی نے گلوکارہ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ کیا تھا تاہم 5 سال کے طویل عرصے سے جاری اس کیس کا فیصلہ تاحال نہیں ہو سکا۔