Categories
پاکستان

منی لانڈرنگ ریفرنس!! سلیمان شہباز کو بڑا ریلیف، نیب نے یوٹرن لے لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دے دیا۔ لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز
اور داماد ہارون یوسف بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت نیب نے عدالت میں سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دیا جس کے بعد سلیمان شہباز نے درخواست ضمانت واپس لے لی۔ نیب نے عدالت میں بیان دیا کہ نئے قانون کے تحت سلیمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری اب نہیں ہیں، اس پر سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ وارنٹ گرفتاری انکوائری اسٹیج پر تھا، نئے قانون میں وارنٹ گرفتاری تفتیش کی اسٹیج پر ہی ہو سکتے ہیں۔ نیب وکیل نے کہاکہ اب سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے، ہم نے سوالنامہ سلیمان شہباز کو دیا تھا لیکن ابھی جواب نہیں دیا اس پر سلیمان شہباز کے وکیل نے کہا کہ ہم نے نیب کو جواب جمع کرا دیا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے سلیمان شہباز کی درخواست ضمانت واپس لینے پر نمٹا دی جب کہ عدالت نے ہارون یوسف کی حد تک نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے ان کی ضمانت میں 7 فروری تک توسیع کردی۔ دوسری جانب ملک میں جاری معاشی بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مافیا کی جانب سے ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر پہنچ گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں شمالی علاقوں میں فی کلوگرام ایل پی جی کی قیمت 300روپے کی سطح تک پہنچ کر تیسری سینچری مکمل کرگئی۔ ملک میں قدرتی گیس کی کمی اور سردی کی شدت سے ایل پی جی من مانی قیمت پر فروخت کی جارہی ہے جبکہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ کراچی سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں 204روپے فی کلو پر فروخت ہونے والی ایل پی جی 280روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ چئیرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے ایکسپریس کو بتایا کہ پہاڑی اور دور دراز پسماندہ علاقوں میں تو فی کلوگرام ایل پی جی 310روپے میں فروخت کی جارہی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 360روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں قیمت میں مزید حیرت انگیز اضافے کا خدشہ ہے۔ مافیا نےصارفین کو مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور کردیا ہے۔ عرفان کھوکھر نے کہا کہ جام شورو جوائنٹ وینچر گزشتہ 2سال سے بند ہے جسے فوری آپریشنل کیا جائے، جے جے وی ایل کی بندش سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈالر نہیں، اس لیے ایل پی جی کی مقامی پیداوار بڑھائی جائے۔ قیمتی جانوں کے بچاؤ کیلئے لیبارٹری کے بغیر ایل پی جی کی درآمد و ترسیل پر پابندی عائد کی جائے۔ ایل پی جی پلانٹس کی گیٹ پاس پر قیمت کی عدم تحریر سے بلیک مارکیٹنگ فروغ پارہی ہے۔ ایل پی جی پلانٹ ہولڈر گیٹ پاس پر لازماً قیمت تحریر کریں۔ انہوں نے وزیر اعظم ، وزیر پیٹرولیم ، چیرمین اوگرا ممبر گیس سے اس ضمن میں فوری کارروائی کا مطالبہ ہے۔