Categories
کھیل

ورلڈکپ جیتنے پر منفرد خراجِ تحسین، کسان نے مکئی کی فصل سے میسی کی تصویر بنا دی

قطر(ویب ڈیسک) قطر میں فیفا ورلڈکپ کی ٹرافی اٹھانے والی ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی کو ایک کسان نے منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے کسان نے مکئی کے کھیت میں فصل اُگاکر میسی کی تصویر بنائی اور ورلڈکپ جیتنے والے کپتان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ غیر ملکی میڈیا

رپورٹس کے مطابق ارجنٹائن کے صوبے کورڈوبا کے علاقے لاس کاندورز میں میکسی ملیانو نامی کسان نے مکئی کے کھیت میں 124 ایکڑ کے حصے پر اس خوبصورت طریقے سے فصل اگائی کہ فصل اگنے پر فضا سے دیکھنے پر وہ میسی کی شکل بن گئی۔ رپورٹس کے مطابق کسان نے میسی کی شکل بنانے کے لیے منفرد الگوراتھم کا استعمال کرتے ہوئے مخصوص جگہوں پر بیج ڈالے تاکہ مکئی اُگنے کے بعد جب اسے اونچے مقام سے دیکھا جائے تو وہ میسی کی شکل بن جائے۔ کسان کا کہنا ہے کہ یہ ورلڈکپ جیتنے کی خوشی میں میری جانب سے میسی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل فٹبال کے متوالوں نے ارجنٹائن کے ورلڈکپ جیتنے کے بعد میسی کے ٹیٹو بھی جسم پر بنوائے تھے۔