خون جما دینے والی سردی نے 78 افغانی باشندوں کی جان لے لی

کابل(ویب ڈیسک) افغانستان میں شدید سردی نے گزشتہ دہائی کے سب ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ،ایک ہفتے میں ٹھنڈ سے مرنے والوں کی تعداد 78 ہو چکی ہے ۔ “رائٹرز “کے مطابق رواں سال افغانستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت منفی 33ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جس سے تقریباً78افراد اب
تک جاں بحق ہو چکے ہیں ، جبکہ آئندہ چند ہفتوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے ۔ افغان ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے سربراہ عبداللہ احمدی نے امدادی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ہنگامی حالات میں سردی کی شدت میں ریکارڈ اضافے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے آگے آئیں، افغانستان کی ڈیزاسٹر منیجمنٹ وزارت کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 70 افراد جاں بحق اور 70,000 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں سے افغانستان کے کئی صوبے غیر معمولی سرد موسم کا سامنا کر رہے ہیں، غور کے وسطی علاقے میں ہفتے کے آخر میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 33 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا متعلقہ اداروں اور حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کریں اور مزید جانی نقصان کو روکنے کے لیے اپنے تمام وسائل استعمال کریں۔