نشے میں دھت خاتون نے بولی میں کیا خرید لیا؟ ہوش میں آئی تو دیکھ کر خود حیران رہ گئی

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں شراب کے نشے میں دھت ایک خاتون نے نیلامی میں سب سے زیادہ بولی دے کر گھر خرید لیا اور صبح بیدار ہونے کے بعد جب سٹیٹ ایجنٹ نے اس سے رابطہ کیاتو اپنے کیے پر حیران رہ گئی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق 40سالہ لواینا ریبئرا نامی یہ خاتون برطانوی شہر لیڈز کی رہائشی ہے۔ وہ اپنے ایک دوست کے ساتھ لیڈز کے مضافات میں واقع یہ گھر دیکھنے گئی تھی جسے اس کا دوست خریدنا

چاہتا تھا۔لواینا کے دوست کو تو وہ گھر پسند نہ آیا اور مگر لواینا کو یہ پراپرٹی پسند آ گئی۔ اگلے روز لواینا نے جب بہت زیادہ شراب پی رکھی تھی، اس نے گھر کی 20ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 50لاکھ 19ہزار روپے) کی بولی دے دی اور جیت گئی۔ اگلے دن اسے سٹیٹ ایجنٹ نے کال کی تو وہ حیران رہ گئی کہ اس نے اس گھر کے لیے بولی کب دی تھی۔رپورٹ کے مطابق لواینا کو ناچار یہ گھر خریدنا پڑ گیا، جسے ایک سال تک اس نے اپنے پاس رکھا اور سال بعد گھر کو دو گنا قیمت پر فروخت کردیا اور پرتگال منتقل ہو گئی۔ لواینا کا کہنا تھا کہ ”میری بہت خواہش تھی کہ میں پرتگال منتقل ہو جاﺅں تاہم پیسے نہ ہونے کی وجہ سے میری یہ خواہش پوری نہ ہو سکی تھی۔ اس گھر سے مجھے جو منافع حاصل ہوا، اس نے میری یہ خواہش پوری کر دی۔ اس رقم سے میں نے پرتگال میں ایک گھر خرید لیا اور یہاں آ گئی۔“