پاکستان میں قدرتی آفات!! ایشیائی ترقیاتی بینک نے خبردار کردیا

اسلام آباد (این این آئی)ایشیائی ترقیاتی بینک نے وسطی ایشیا کے علاقائی اقتصادی ممالک میں سیلاب اور زلزلوں کے خطرات کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان میں قدرتی آفات پر مرکوز موجودہ معاشی حکمت عملی کو موثر بنانے کی فوری ضرورت ہے۔

میڈیارپورٹ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے خبردار کیا کہ قدرتی آفات کے خطرے کی روک تھام کا طریقہ کار بار بار آنے والے سیلاب اور زلزلے کے واقعات سے ہونے والے نقصانات کا مقابلہ کرنے کیلئے ناکافی ہے، ان خطرات کے حل کے طور پر نجی انشورنس کو مارکیٹ میں محدود رسائی حاصل ہوئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ چیلنجز ایک پیچیدہ بیرونی اقتصادی پس منظر کے سبب بڑھ گئے ہیں جس سے کسی آفت کے بعد قرض کا فوری، سستا اور مالی شمولیت کی کم سطح پر حصول مشکل ہو جاتی ہے جو پاکستان میں بہت سے لوگوں کے لیے قدرتی آفات کے خطرات کو بڑھا دیتا ہے۔2010 اور 2015 میں سیلاب کی مثالوں کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا کہ تباہی کے گزشتہ واقعات ان چیلنجوں کی عکاسی کرتے ہیں جن کا اس وقت پاکستان کو سامنا ہے،ان واقعات میں پنجاب میں کسانوں کو 32 ارب 60 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا، متاثرہ کسانوں کی مدد کے لیے حکومت نے 6 ارب 70 کروڑ روپے فراہم کیے جو کہ مطلوبہ رقم کا صرف 18.5 فیصد ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بڑے پیمانے پر تباہی کا سبب بننے والی قدرتی آفات کے خطرے کو کم کرنے کے لیے موجودہ اقدامات کے دائرہ کار کو قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈز کی موثر کارکردگی کے ذریعے بڑھانے کی ضرورت ہوگی، خطرے کی منتقلی کے اقدامات سے اس کی تکمیل ممکن ہے جو ہنگامی ردعمل کی لاگت یا تباہ شدہ اثاثوں کی تعمیر نو میں مدد کر سکتے ہیں۔