پنجاب میں مزدور کی کم سے کم اجرت کتنی ہوگی ؟ اعلان ہوگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس پر قیاس آرائیاں ختم ، ملک کے سب سے بڑے صوبے کا بجٹ 48 گھنٹے کی تاخیر سے بالآخر پیش کردیا گیا۔ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایوان اقبال میں ہوا۔وزیر خزانہ پنجاب اویس لغاری نے سال 23-2022 کا صوبائی بجٹ پیش کردیا

جس کا حجم 32 کھرب 26 ارب روپے ہے۔پنجاب میں مزدور کی کم سے کم اجرت بھی 20 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کردی گئی ہے۔اس کے علاوہ اویس لغاری نے اعلان کیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اور پنشن میں 5 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گریڈ ایک سے گریڈ 19 تک ایک حد سے کم الاؤنس لینے والوں کو 15 فیصد اسپیشل الاؤنس دیا جائے گا۔ خیال رہے 312ارب روپے پنشن کی مد میں رکھے گئے ہیں، پنجاب میں مقامی حکومتوں کے لیے 528ارب مختص، دیگر ترقیاتی اسکیموں کی مد میں 41ارب روپے رکھے گئے ہیں، انسانی حقوق اقلیت کے لیے 3ارب 26کروڑ مختص،صوبائی محصولات میں 500ارب53کروڑکاتخمینہ لگایا گیا ہے، لائیو اسٹاک کے لیے 4 ارب 29 کروڑ روپے مختص،جنگلات کے لیے 4ارب 50 کروڑ روپے مختص، جنوبی پنجاب کے لیے 31ارب 50 کروڑ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ گزشتہ سال سے 22 فیصد زیادہ ہے، جس میں پی کے ایک آئی کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اس کے ساتھ ہی صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا کہ 142 ارب روپے کا اشیاء خرردونوش کی چیزوں کے لیے پیکج لا رہے ہیں جبکہ سستے آٹے کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں اصلاحات کیلئے ایک سو انچاس ارب مختص کیے گئے ہیں جبکہ صاف پانی کےمنصوبوں کیلئے گیارہ ارب پچانوے کروڑ روپےمختص کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا کہ کل آمدن کا تخمینہ 2 ہزار521ارب29کروڑروپےمختص کیا گیا ہے، جبکہ تعلیم کیلیے 485 ارب، ترقیاتی منصوبوں کیلیے 78 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔