لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی کو تحفہ دینے کا وعدہ پورا کر دیا، دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ جائے

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور قلندرز نے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو مہنگی گاڑی کا تحفہ دینے کا وعدہ پورا کردیا۔ لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں دو روز پہلے ہونے والی تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 7کے فاتح کپتان کو گاڑی پیش کی۔ اس موقع پر عاطف رانا کا کہنا تھا کہ شاہین نے لاہور قلندرز سے اپنے سفر کا آغاز کیا
شاہین کی لگن، سخت محنت اور جذبے نے قلندرز کو اس مقام تک لانے میں اہم کردار ادا کیا جس پر ہم ان کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز سے کھیل کر ہمیشہ بہت انجوائے کیا، بطور کھلاڑی اور کپتان مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا گیا، ایمرجنگ کیٹگری سے آکر کپتان بنا، یہ میرے لیے بھی ایک اعزاز ہے۔ ڈائریکٹر آپریشنز عاقب جاوید نے کہا کہ شاہین کو جب دیکھا تو میرے ذہن میں صرف یہ بات آئی کہ اس میں آگے بڑھنے کی بہت اہلیت ہے، ہمیں فخر ہے کہ ہمارے پاس شاہین کی صورت میں ایک بہترین فاسٹ بولر اور کامیاب کپتان ہے۔ خیال رہے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کے بعد اوپنر امام الحق نے بھی ون ڈے رینکنگ میں سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کےجو روٹ ٹیسٹ کے نمبر ون جبکہ ون ڈے اور ٹی20 میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی بادشاہت برقرار ہے۔ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے مارنوس لابوشین ایک درجنے تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ انکی جگہ نمبر ون درجے پر انگلش بیٹر جو روٹ نے قبضہ جمالیا ہے۔ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تیسری اور پاکستان کے کپتان بابراعظم کا چوتھا نمبر ہے۔ عالمی رینکنگ میں ایک طویل عرصہ تک راج کرنے والے ویرات کوہلی بدستور دسویں پوزیشن پر ٹکے ہوئے ہیں۔ بولرز کی درجہ بندی میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا پہلا، بھارتی اسپنر ایشون دوسرے، بہمرا تیسرے جبکہ شاہین شاہ آفریدی ایک درجے چھلانگ مار کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ دوسری جانب قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق نے ون ڈے رینکنگ میں سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن چھین لی ہے جبکہ بولرز کی رینکنگ میں ٹرینٹ بولت بدستور پہلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی کا چوتھا نمبر برقرار ہے۔ واضح رہے کہ ٹی20 رینکنگ میں پاکستان کا کوئی بالر ٹاپ 10 میں شامل نہیں۔