اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے اپنے جان سے مارنے کی سازش کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا بلاول ہاؤس میں مجھے جان سے مارنے کی سازش تیار ہورہی اور آصف زرداری اس سازش کے ماسٹرمائنڈ ہیں۔تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا ہے کہ بلاول ہاؤس میں انکو جان سے مارنے کی سازش تیار ہورہی ہے۔ نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق مجھے کچھ
ہوا توآصف زرداری،بلاول بھٹو،مراد علی شاہ پرمقدمہ درج کیاجائے۔حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ واضح بتاناچاہتاہوں آصف زرداری مجھے جان سے مارنے کی سازش کےماسٹرمائنڈہیں، اس سازش سے متعلق چیف جسٹس کو خط لکھ رہا ہوں۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آصف زرداری گرفتار کرکےجیل میں جرائم پیشہ افراد کے ذریعے جان سے مروانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے بجٹ سے متعلق روکناٹارگٹ ہے ، بجٹ کےبعد میں انکے ہاتھ آیا تو مجھے جان سے مار دیا جائے گا، بے نظیر بھٹو یہاں ہوتیں تو یہ سب کچھ نہ ہوتا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اینٹی کرپشن کو استعمال کرکے سندھ میں یہ سب کچھ ہورہا ہے ، سندھ اسمبلی میں اورمیرے گھر پر جو ہوا شرمناک ہے ، یہ غلام ہیں ڈونلڈ لو کی پیداوار ہیں۔دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما منور وسان اور کلثوم چانڈیو رہنما تحریک انصاف سے جھگڑنے کے بعد ان کا موبائل فون چھین کر فرارہوگئے۔خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ انوکھا واقعہ سندھ اسمبلی میں بجٹ سیشن کے دوران اس وقت ہوا جب اپوزیشن کی جانب سے احتجاج جاری تھا۔اسی دوران رہنما تحریک انصاف دعا بھٹو اور پیپلزپارٹی کی کلثوم چانڈیو کے درمیان لڑائی ہوئی اوردونوں میں شدید تلخ کلامی شروع ہوگئی، تلخ کلامی جب شدید ہوئی تو کلثوم چانڈیو نے دعا بھٹو کو موبائل فون چھین کر ساتھ کھڑے منظور وسان کو پکڑا یا، منظور وسان موبائل فون لے کر ایوان سے فرار ہوگئے۔واقعہ سے متعلق دعا بھٹو نے کہا کہ کلثوم چانڈیو کو میرا موبائل فون چھیننے کے احکامات ملے تھے، یہ لوگ سندھ کو ویسے ہی کھا گئے ہیں موبائل بھی مانگ لیتے میں ویسے ہی دے دیتی، میرا موبائل فون چھیننے کیلئے وزیر اعلی مراد علی شاہ نے خود ہدایات دی ہیں۔انہوں نےمزید کہا کہ کلثوم چانڈیو نے میرا موبائل فون چھین کر منظور وسان کو تھمایا جسے لے کر وہ فرار ہوگئے، کلثوم چانڈیو اب اسمبلی میں بیٹھ کر دکھائے اگر میں نے انہیں جوتے نا مارے تو اپنی ماں کی اولاد نہیں۔دعا بھٹو نے رہنماپیپلزپارٹی کو “چڑیل “کہتے ہوئے کہا کہ اس نے مجھے مارنے کی کوشش کی، ڈپٹی اسپیکر کو شکایت کی تو انہوں نے کہا دیکھتے ہیں، ہم تھانے جاکر ان کے خلاف ایف آئی آر کٹوائیں گے۔