اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ایوان بالا میں سابق صدر پرویز مشرف کی وطن واپسی کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے مابین گرما گرمی ،جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے پرویز مشرف کوقانون کے مطابق سزا دینے جبکہ جے یوآئی اور،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے وطن واپسی کی حمایت کردی ۔ بدھ کے روز سینٹ اجلاس میں
نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد خان نےکہاکہ میڈیا پر یہ خبریں چل رہی ہیں کہ سابق صدر پرویز مشرف کو معافی دیکر پاکستان واپس آنے کی اجازت دی جائے اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے بھی یہ کہا ہے کہ میرا اس کے ساتھ کوئی ذاتی عناد نہیں ہے اس کو وطن واپس آنے کی اجازت دی جائے انہوں نے کہاکہ یہ اس ملک کے دستور ،قانون اور آئین کے ساتھ بہت ظلم ہے ہم غلام ہیں مجبور ہیں اور یہ ملک عملاً غلام ہے انہوں نے کہاکہ وہ دس سال تک اس ملک کے سیاہ و سفید پر قابض رہے انہوںنے دو بار آئین کو توڑا اور اس ملک کے چیف جسٹس کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا ،انہوں نے کہاکہ دستور کے مطابق تمام شہری برابر ہیں، ان کو لایا جائے اور اپنے جرائم کا سامنا کریں ،انہوں نے کہاکہ میں نواز شریف سے بھی مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ بھی آئیں اور اپنے مقدمات کا سامنا کریں، انہوںنے کہاکہ اس کے جرائم کو معاف نہیں کیا جاسکتا ہے یہ اقبال اور قائد اعظم کا پاکستان ہیں ہے بلکہ یہ اشرافیہ کا پاکستان ہے انہوں نے کہاکہ اگر پرویز مشرف کو معافی دی جائے تو اس ایوان کو بند کردیا جائے۔