لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) محبت کی کچھ کہانیاں ایسی ہوتی ہیں جنہیں سن کر احساس ہوتا ہے کہ یہ کوئی افسانوی قصہ ہے مگر حقیقت میں یہ کہانیاں بالکل سچی ہوتی ہیں۔ برطانوی خاتون مارگریٹ مک کولم کی کہانی بھی ایسی ہی ہے جو گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے روزانہ محض اس لیے لندن کے ایک زیرزمین ریلوے
سٹیشن پر جا کر بیٹھ جاتی ہے تاکہ اپنے آنجہانی شوہر کی آواز سن سکے۔انڈیا ٹائمز کے مطابق مارگریٹ مک کولم کا شوہر معروف اداکار اوزویلڈ لارنس تھا جو 2007ءمیں انتقال کر گیا تھا۔ اوزویلڈلارنس نے ریلوے سٹیشنز پر کیے جانے والے اعلانات بھی اپنی آواز میں ریکارڈ کرائے تھے جو آج بھی مختلف ریلوے سٹیشنز پر چلائے جاتے ہیں اور ان اعلانات کی صورت میں اپنے شوہر کی آواز سننے کے لیے مارگریٹ ہر روز شام کو ریلوے سٹیشن پر جا کر تادیر وہاں بیٹھی رہتی ہے۔ مارگریٹ کا کہنا تھا کہ اس کے شوہر نے اپنی زندگی میں ریلوے کے لیے 1ہزار 950اعلانات ریکارڈ کرائے تھے، جو اب بھی ٹرینوں کے آنے جانے پر چلائے جاتے ہیں۔ مارگریٹ نے کہا کہ ”جب ریلوے سٹیشن کے سپیکرز سے اوزویلڈ لارنس کی آواز گونجتی ہے تو مجھے ایک دلی طمانیت محسوس ہوتی ہے۔ مجھے ایسے لگتا ہے جیسے وہ میرے آس پاس ہی کہیں موجود ہے۔واضح رہے کہ اوزویلڈ لارنس کی 2007ءمیں 86سال کی عمر میں موت واقع ہوئی تھی۔ مارگریٹ اور لارنس کی ازدواجی رفاقت 45سال سے زائد عرصہ تک رہی۔