لاہور: (ویب ڈیسک) مہنگائی اور غربت کا شکار خاندان اپنی مشکلات کی دہائی دینے کے پنجاب اسمبلی پہنچ گیا اور غربت کی داستان بیان کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب کے دارالخلافہ میں مہنگائی اور غربت کا شکار ایک خاندان اپنی مشکلات کی دہائی دینے پنجاب اسمبلی پہنچ گیا جہاں اس نے میڈیا کو اپنی غربت کی داستان بیان کی۔
اپنے بیوی اور بچوں کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کے دروازے پر پہنچنے والے مزدور مظہر نے یہ افسوسناک انکشاف کیا کہ مہنگائی کے باعث اس کو
کئی روز سے مزدوری نہیں ملی ہے اور بچوں نے گزشتہ شب کا کھانا کھایا ہوا ہے۔ مظہر نے یہ بھی بتایا کہ اس کے پاس سر چھپانے کے لیے بھی کوئی جگہ نہیں ہے اور وہ اپنے بیوی اور بچوں کے ہمراہ سڑکوں اور پارکوں میں سوتا ہے۔مظہر کی اہلیہ نے میڈیا کو عوامی نمائندوں کی بے حسی سے بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عوام کے منتخب نمائندے صبح سے اسمبلی آ اور جا رہے ہیں لیکن کسی نے ہماری حالت زار دیکھ کر بھی ہم سے نہ کچھ پوچھا اور نہ ہی داد رسی کی۔خاتون کا کہنا تھا کہ اس کے دو بچے گرمی اور بھوک کی وجہ سے بیمار ہوگئے ہیں، ہمارے پاس انہیں کھلانے کو کچھ نہیں تو دوا کا بندوبست کہاں سے کریں۔واضح رہے کہ بلوچستان میں بھی غربت اور بیروزگاری کا مارا 5 بچوں کا غریب باپ اپنے بچوں کی کفالت نہ کرنے پر خود کو مجرم سمجھتے ہوئے تھانے گرفتاری دینے پہنچ گیا۔اس غریب شخص نے بتایا کہ وہ 5 بچوں کا باپ ہے اور تین دن سے بیروزگار ہے، بچوں کی کفالت نہیں کرپا رہا اور گھر میں بھوک سے بلکتے بچوں کو دیکھ نہیں سکتا اس لیے مجھے لاک اپ کردیا جائے۔اس لرزہ خیز سچ نے وہاں موجود پولیس اہلکاروں کے دل بھی موم کردیے اور ایس ایچ او نے اسے کچھ نقد رقم دے کر واپس گھر بھیجا کہ وہ اپنے بچوں کی بھوک مٹانے کا بندوبست کرے۔