اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر احسن اقبال نے قوم سے چائے کم پینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ادھار لیکر چائے امپورٹ کرتے ہیں، جب تک چائے کی پیداوار میں خود کفیل نہیں ہوتے قوم چائے کی ایک ایک دو دو پیالیاں کم کر دیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نارووال اسپورٹس سٹی
مقدمے میں پیش ہوا ہوں، 4 سال میں عمران حکومت کچھ نہ نکال سکی۔ نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور کے مطابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیلوں کے منصوبے کو تباہ کر دیا گیا ، قومی منصوبوں کواپنی انا اورنفرت کانشانہ بنایا گیا، اپریل، مئی اور جون میں ترقیاتی بجٹ زیروریلیزہوا ، آخری سہ ماہی میں ترقیاتی منصوبوں کےبجٹ کی قلت کا سامان ہے۔پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی اور وزرا اپنےخلاف اعتراف جرم کر رہے ہیں، وزرا کہتے ہیں ہم نے اپنا پھندا اپوزیشن کے گلے میں ڈال دیا ہے، ہم نے سیاست نہیں ملک کو بچانے کے لیے حکومت سنبھالی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اب معصوم بن کر سوال کر رہے ہیں ملک کا کیا بنے گا ؟ ، عمران نےاپنی شہرت کیلئے بجلی، ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں کم کیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کے لیے بہتر سے بہتر سہولت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومتی سخت فیصلوں کا مقصد ملکی معیشت کو بچانا ہے۔ ن لیگی رہنما نے قوم سے چائے کم پینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ادھار لیکر چائے امپورٹ کرتے ہیں، جب تک چائے کی پیداوار میں خود کفیل نہیں ہوتےقوم چائے کی ایک ایک دو دو پیالیاں کم کر دیں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بحران سے نکلنے میں تاجر اور قوم ہمارا ساتھ دے، اپیل کرتے ہیں بازار ساڑھے 8 بجے بند کر دیے جائیں۔انھوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی عوام کو گمراہ کرنے سے باز آجائیں، ان کا اصل خوف فارن فنڈنگ کیس ہے، فارن فنڈ کیس کا فیصلہ آنے کے بعدعمران خان اور پارٹی ختم ہو جائے گی۔