انتظار کی گھڑیاں ختم! اسکوئڈ گیم کے سیزن 2 سے متعلق اعلان ہوگیا

امریکہ(ویب ڈیسک) امریکی ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ مقبول قرار دیا جانے والا جنوبی کوریائی شو ”اسکوئڈ گیم“ (Squid Game) کے دوسرے سیزن سے متعلق بڑا اعلان کر دیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیٹ فلکس نے تصدیق کی ہے کہ اسکوئڈ گیم کا دوسرا سیزن جلد آ رہا ہے۔ اس کا اعلان آج اتوار کے روز کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر ہوانگ ڈونگ نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار لی جنگ جے اور لی بیونگ آئی آنے والے سیزن کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے نئے سیزن میں اداکار گونگ یو کی موجودگی کا بھی اشارہ دیا اور بتایا کہ سیزن میں ایک نئی خطرناک ڈول (گڑیا) بھی ہوگی۔ہوانگ ڈونگ نے کہا کہ اسکوئڈ گیم کا پہلا سیزن بنانے میں 12 سال کا وقت لگا لیکن محض 12 دنوں میں سیزن مقبول ترین بن گیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں بطور مصنف، ہدایتکار اور پروڈیوسر دنیا بھر کے شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے شو کو نہ صرف دیکھا بلکہ بے حد پسند بھی کیا۔ خیال رہے کہ اسکوئڈ گیم کا پہلا سیزن 2021 میں ریلیز کیا گیا تھا۔ سیزن میں پیسوں کی لالچ میں آکر درجنوں افراد ایک کھیل کا حصہ بنتے ہیں۔گیم میں ہار کی صورت میں انہیں ایک ایک کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے۔ گیم کے آخری مرحلے تک پہنچنے والے فرد کو ساڑھے پانچ ارب پاکستانی روپے ادا کر کے آزاد کر دیا جاتا ہے۔