کراچی(نیوز ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اور سابق وفاقی وزیرعلی زیدی نے الزام عائد کیاہے کہ شرجیل میمن اور ان کے رفقا پی ٹی آئی کے بلدیاتی امیدواروں کو ہراساں کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کے امیدواروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس پی ٹی آئی امیدواروں کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے،
سندھ پولیس شرجیل میمن کے کہنے پر حیدرآباد میں امیدواروں کو ہراساں کر رہی ہے۔علی زیدی نے کہا کہ سندھ حکومت ریاستی مشینری کو انتخابات سے قبل دھاندلی کے لیے استعمال کر رہی ہے، پیپلز پارٹی سندھ پولیس کو اپنے اوچھے ہتھکنڈوں کے لیے استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ پولیس اہلکاروں کو کہا گیا ہے کہ بلدیاتی امیدواروں کو کاغزات جمع کروانے سے روکا جائے، پیپلز پارٹی سندھ میں دھونس، زبردستی و غنڈہ گردی کی سیاست پر اتر آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی خواہشات پر اندرون سندھ میں ٹرانسفر پوسٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، انتخابی شیڈول کے اعلان کے باوجود تبادلے، تقرریاں اور ترقیاتی کام جاری ہیں۔علی زیدی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی غنڈہ گردی پر الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے، زرداری مافیا کا سرغنہ شرجیل میمن حالات خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ یہ جانتے ہیں کہ حیدرآباد میں ان کا میئر آنا نا ممکن ہے، پولنگ کے دن ان کی زیادتیوں کا جواب عوام بلے پر ٹھپہ لگا کر دیں گے۔