Categories
پاکستان

رانا ثناءاللہ جب چاہے گرفتار کر لیں،ہم تیار ہیں،شیخ رشید بھی میدان میں آگئے

روالپنڈی(ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ رانا ثنااللہ کہہ رہے ہیں کہ گھروں سے نکال کے ماریں گے، ابھی وہ حالات نہیں آئے ہیں یہ منہ اور مسور کی دال، یہ دھمکیاں دے رہے ہیں گھروں سے پکڑیں گے، کل پکڑنا ہے تو آج پکڑیں ہم تیار ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فرد جرم کا منتظر پالشیا اور اس کا بیٹا بھی پالشیا ہے، جب کہ 18 قتل میں ملوث اور جس پر آج بھی منشیات فروشی کا کیس تھا وزیر داخلہ بن گیا، ہمیں کہہ رہے ہیں کہ گھروں سے نکال کے ماریں گے، ابھی وہ حالات نہیں آئے ہیں یہ منہ اور مسور کی دال، یہ دھمکیاں دے رہے ہیں گھروں سے پکڑیں گے، کل پکڑنا ہے تو آج پکڑیں ہم تیار ہیں، لیکن ہمارے ممبران کو جلد عدالتوں میں پیش کریں۔ ہم پر سب جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں لیکن کوئی گھبراہٹ نہیں، جتنی گرفتاریاں کرنی ہیں کریں، ہم بڑے دل کے لوگ ہیں دوبارہ آکر بھی ان کو معاف کریں گے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ رانا ثنا اللہ ملک میں تشویشناک صورتحال پیدا کررہے ہیں، ملک تشویشناک حالات میں جانے لگا ہے، ملک میں ہنگامہ آرائی ہوگی تو معاملات خراب ہوں گے، 31مئی اہم تاریخ ہے، عمران خان 20 مئی کے بعد اسلام آباد کی کال دیں گے، ہمیں ملک کو بچانے اور فوج کی عظمت نیک نامی میں اضافے کے لیے الیکشن کی تاریخ چاہئیے۔ شیخ رشید نےدعویٰ کیا کہ ہماری حلقوں میں پوزیشن مقبولیت کی انتہا کو پہنچ گئی ہے، عمران خان کو انٹرنیشنل ایجنڈے سے ہٹانے سے عمران خان بڑا لیڈر بن گیا ہے، عمران خان کو نکالنے کے نتائج مختلف آئے ہیں، میرا تحریک انصاف سے تعلق نہیں میں صرف عمران خان کو سپورٹ کرتا ہوں۔