انوشکا شرما میں بیٹی کی پیدائش کے بعد کیا تبدیلی آئی؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے بیٹی کی پیدائش کے بعد خود میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں بتادیا۔ حال ہی میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا ہے کہ میں ہمیشہ اپنے سامنے آنے والی بہترین اسکرپٹس کا حصّہ بننا چاہوں گی۔ انوشکا شرما کا کہنا تھا کہ میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میں آج اس پوزیشن میں ہوں کہ ان فلموں کا انتخاب کر سکوں جو میں خود کرنا چاہتی ہوں اور جو مجھے ان پر وقف ہونے والے وقت کا جواز بھی فراہم کرتی ہوں جو میں اپنے بچے سے دور گزاروں گی۔ اداکارہ نے کہا کہ میں ہمیشہ زندگی میں توازن کی متلاشی رہی ہوں اور اب میری ترجیح وہی ہے، میں اپنے کام اور اپنی فیملی لائف پر یکساں طور پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہوں۔ انوشکا شرما نے کہا کہ میں ہمیشہ ان خاص اسکرپٹس کی تلاش میں رہتی ہوں جو مجھے خوشی سے بھر دیں اور ایسے ہی پراجیکٹس کرنے کے لیے تیار رہوں گی جو ناقابل یقین حد تک دلچسپ ہوں، سنیما میں خواتین کی صحیح نمائندگی کرتے ہوں اوران کا مواد اہمیت کا حامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی اور جب بھی اس طرح کے پراجیکٹس میرے پاس آئیں گے، مجھے کرنے میں زیادہ خوشی ہوگی۔ واضح رہے کہ اداکارہ انوشکا شرما نے 2017 میں کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کے ساتھ شادی کی اور جنوری 2021 میں ان کے ہاں پہلی بیٹی ویمیکا کی پیدائش ہوئی۔