لاہور(نیوز ڈیسک )سابق سینئر وزیر پنجاب علیم خان نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو ٹی وی پر مناظرے کا چیلنج کر دیا اور ساتھ کہا میرا نام عزت سے لیں آپ کا نام بھی عزت سے لوں گا۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق علیم خان کا کہنا ہے کہ عمران خان ، جہانگیر ترین ملکر ٹی وی پر آ جائیں ،آپ کے پاس جو کچھ ہے بتا دیں ہم بھی بتا دیں گے کہ ہمارے پاس
کیا کچھ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست کر لیں لوگوں کو ورغلائیں لیکن میں سچ بولوں گا، ہم مصلحت کے تحت خاموش ہیں ۔اپنے وزرا کو دیکھیں کون سفیروں کو ملتا رہا،میں امریکی اور یورپین سفیر کو عمران خان کے گھر ملا تھا ، آپ ملیں تو محب وطن کوئی اور ملے تو غداریہ کیسا سٹینڈرڈ سیٹ کیا ہے ۔علیم خان نے مزید کہا کہ عمران خان نے الزام لگایا کہ میرے پاس 300ایکڑ زمین ہے ، میرے پاس 300نہیں 3000 ایکڑ ہے ، یہ سوسائٹی 2010 میں بھی میرے پاس تھی اورآج بھی میرے پاس ہے ،میں نے یہ زمین مارکیٹ ریٹ پر خریدی لیکن عمران خان نے روڈا کے تحت زمین سرکاری ریٹ پر خرید کر ڈویلپرز کو دیں،اب تفتیش ہونی چاہیے کہ یہ زمینیں کن ڈویلپرز کو دی گئیںاو رکس بنیا دپر دی گئیں۔سابق وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ 2010سے 2018تک عمران خان کیساتھ اپوزیشن میں کھڑا رہا،کیا 10سال پہلے مجھے پتا چل گیا تھا کہ عمران خان 2018میں وزیر اعظم بنیں گے اور میں یہ زمین لیگالائز کرواوں گا ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ علیم خان کیساتھ اختلافا ت کی وجہ 300ایکڑ زمین تھی جو علیم خان لیگلائز کرانا چاہتے تھے لیکن میں نے ان کی معاونت نہیں کی۔