پشاور(ویب ڈیسک) صوبائی زونل رویت ہلال کمیٹی نے شوال کے چاند کی شہادتیں موصول ہونے پر آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا۔ زونل کمیٹی کے سربراہ قاری عبدالرؤف کا کہنا تھاکہ زونل کمیٹی کے اجلاس میں شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہادتوں کا جائزہ لینے کے
بعد ان پر یقین کیا گیا اور کل عید الفطر منائے جائے گی، اس سے قبل زونل کمیٹی نے پشاور کے نواحی علاقے سوڑیزئی سے 12 شہادتیں اور مردان سے بھی 3 شہادتیں موصول ہوئیں۔ بعد ازاں زونل رویت ہلال کمیٹی میں اختلافات بھی سامنے آگئے ہیں، ممبر عابد حسین شاکری نے شہادتوں پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ ممبرعابد حسین شاکری کا کہنا ہے کہ زونل ہلال کمیٹی کے فیصلہ سے متفق نہیں کوئی بھی شہادت ہمارے سامنے عملی طور پر پیش نہیں ہوئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی شہادت ہوتی تو خود وفاق سے بات کرکے ان کو مطمئن کرتا ، اس طرح کے فیصلوں سے افراتفری پھیلتی ہے ۔ عابد حسین شاکری نے کہا کہ وہ شہادتوں پر مطمئن نہ ہونے پر آج روزہ رکھیں گے۔ واضح رہے کہ پشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی نےعید الفطر کا اعلان کیا جس کے بعد صوبائی حکومت نے بھی سرکاری طور پر عید منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ رواں سال بھی ملک میں دو عیدیں منائی جائیں گی۔ خیال رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک میں چاند نظر نہ آنے اور 3 مئی کو عید الفطر کا اعلان کیا ہے۔