دپتی دھوپ میں گاڑی کے بونٹ پر روٹی پکانے کی ویڈیو وائرل

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک خاتون کی جانب سے اپنی گاڑی کے بونٹ پر دپتی دھوپ میں روٹی پکانے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔ پاکستان اور بھارت میں ان دنوں گرمی اپنے عروج پر ہے اور کئی مقامات پر درجہ حرارت 50 ڈگری سے بھی اوپر جاچکا ہے ، ایسے میں دونوں پڑوسی ممالک کے محکمہ موسمیات کی جانب سے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی شدید گرمی کو لے کر دلچسپ میمز بنائی جارہی ہیں اور لوگ ہیٹ ویو کی خبروں کو منفرد انداز میں انجوائے کررہے ہیں، ایسے میں ایک خاتون نے دپتی دھوپ میں گاڑی کے بونٹ پر روٹی پکانے کی کوشش کی اور یہ تمام منظر اپنے کیمرے میں عکس بند کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا جو کچھ ہی دیر میں وائرل ہوگیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو بھارتی ریاست اڑیسہ کی ہے جہاں ایک خاتون دپتی گرمی میں اپنی گاڑی کے بونٹ پر پہلے روٹی بیلتی ہیں اور پھر اسے گاڑی کے بونٹ پر رکھ کر سیکتی ہیں، حیران کن طور پر سورج کی تپش نے چولہے کی آگ والا کام کیا اور چند ہی سیکنڈ میں روٹی تیار ہوگئی۔ایک صارف نے ٹوئٹر پر مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا ’’مبارک ہو انڈیا، اب ہم گاڑی کے بونٹ پر روٹی بھی پکاسکتے ہیں‘‘۔ واضح رہے کہ دنیا سمیت جنوبی ایشیا کو اس سال شدید گرمی کی لہر کا سامنا ہے، پاکستان اور بھارت کی سرحدی علاقوں میں درجہ حرارت 49 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔