اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں نامعلوم افراد نے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور ان کے دوستوں پر حملہ کردیا ، قاسم سوری محفوظ رہے تاہم ان کے دوست زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم
سوری اپنے چند دوستوں کے ساتھ سحری کے لیے اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں واقع ایک نجی ہوٹل پر موجود تھے کہ اس دوران چند لوگ آئے اور انہوں نے پی ٹی آئی مخالف نعرے بازی شروع کردی ، اسی دوران انہوں نے سابق ڈپٹی اسپیکر اور ان کے دوستوں پر حملہ کر دیا۔بتایا گیا ہے کہ واقعہ کے بعد قاسم سوری اور ان کے زخمی ہونے والے دوست کا میڈیکل کرایا گیا جب کہ پولیس نے کارروائی شروع کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔اس ضمن میں ایس ایس پی آپریشن نے کہا کہ فوٹیج میں نظر آنے والے افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد مقدمے میں دفعات کا اندراج کیا جائے گا۔بعد ازاں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں قاسم سوری نے الزام عائد کیا کہ امپورٹڈ حکومت اب ان اوچھے ہتھکنڈوں پر آ گئی ہے کہ ن لیگی غنڈوں نے مجھ پر اور میرے سحری کے لیے آئے ہوئے مہمانوں پر اسلام آباد کے مقامی ریسٹورنٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی اور مہمانوں سے بدتمیزی کی تاہم نون لیگی غنڈوں کو ریسٹورنٹ میں آئی ہوئی فیملیز اور ویٹرز نے مار مار کر بھگادیا۔