لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار اور ہدایت کار یاسر نواز نے اہلیہ ندا یاسر کے مارننگ شوز سے متعلق گفتگو کی ہے۔ یاسر نواز نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی اور اس دوران ندا یاسر سے متعلق گفتگو کی۔یاسر نواز کا کہنا تھا کہ ’ میری خواہش تھی کہ ندا مارننگ شوز نہ کرے، یہی وجہ تھی کہ ہمارے کافی اختلافات رہے اور میں شروع کے 2 سے 3 سال کافی ڈسٹرب رہا ۔ یاسر نواز نے کہا کہ شروعات میں مارننگ شوز کا ٹریک ریکارڈ ٹھیک نہیں تھا، ان شوز کی میزبان کو مسائل بہت پیش آتے تھے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ندا نے گھر کو پہلے ترجیح دی اور شوبز میں ملازمت کو پیچھے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اب ندا کی مارننگ شوز کی جاب ایک اسکول جاب جیسی ہے، ندا 2 بجے تک گھر پہنچ جاتی ہیں لہٰذا مجھے اب ان کی ملازمت سے مسائل نہیں ہیں۔ دوران شو یاسر نواز نے میزبان رابعہ انعم کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سیاستدانوں اور ان میں موجود اداکاری کی مہارت سے متعلق بھی گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اداکاری اچھی کرسکتے ہیں ان کو گاؤں کے چوہدری کے لیے مثبت کردار دیا جائے تو وہ زیادہ اچھے سے نبھا سکتے ہیں۔ دوسری جانب یاسر نے اپنی گفتگو میں فواد چوہدری کو ایکشن ہیرو کے رول میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا اگر فلم ’ چکر‘ کے لیے اداکارہ نیلم منیر کی جگہ کسی اداکارہ کو کاسٹ کرنا پڑتا تو شیری رحمان اور اداکار احسن خان کی جگہ فیصل واوڈا کو کاسٹ کرتے۔
Categories
شیخ رشید کونسا کردار اچھا نبھا سکتے ہیں؟؟؟؟ یاسر نواز نے بتا دیا
