شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب! پاکستان کو کتنے ارب ڈالر کا ریلیف پیکج ملنے والا ہے؟

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان کو 6 سے 8 ارب ڈالر کا ریلیف پیکج ملنے کا امکان ظاہر کردیا گیا ۔ دنیا نیوز نے ذرائع وزارت خزانہ ک حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ شہباز شریف کے دورے کے دوران سعودی ولی عہد سے ریلیف پیکج سے متعلق بات چیت ہوگی ،

ریلیف پیکج 3 طرح سے پاکستان کو سپورٹ کرسکتا ہے ، ادھار تیل ، ایل این جی اور یوریا کھاد کی سہولت پر بات چیت کا امکان ہے ، زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے کیلئے 3 ارب ڈالر ملیں گے ۔رپورٹ میں ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب کی گارنٹی پر سعودی بینکوں سے سستے قرضوں کی فراہمی پر بات چیت کا امکان ہے ، ادھار تیل کی سہولت کے پروگرام کا حجم دگنا کیا جاسکتا ہے ، کورونا کے دوران بے روزگار پاکستانیوں کی نوکری بحالی کے امور پر بات چیت ہوسکتی ہے ، سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر بھی بات چیت متوقع ہے ۔اس کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا ، پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 3 روزکے سرکاری دورے پرآج سعودی عرب روانہ ہوں گے ، وزیراعظم شہبازشریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پرآج مدینہ منورہ پہنچیں گے ، شہباز شریف کا وزارت اعظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیرملکی دورہ ہے۔ وزیراعظم کے ساتھ سعودی عرب کا دورہ کرنے والے 13 رکنی وفد میں بلاول بھٹوزرداری ، خالد مقبول صدیقی ، شاہ زین بگٹی ، مریم اورنگزیب ، خواجہ آصف ، چوہدری سالک حسین ، مفتاح اسماعیل اورمحسن داوڑ شامل ہیں ۔