اُبھرتی ہوئی اداکارہ عینا آصف کا احد رضا میر کے حوالے سے اہم انکشاف

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی کم عمر اداکارہ عینا آصف نے شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احد رضا میر کے حوالے سے اہم انکشاف کر دیا۔ حال ہی میں اداکارہ عینا آصف نے ایک نجی شو میں شرکت کی جہاں دوران گفتگو اداکارہ نے بتایا کہ اداکار احد نے انہیں بھائی کہنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ اداکارہ عینا آصف نے بتایا کہ جب میں ڈرامے کے انٹرویو کے لیے پہلی بار احد رضا میر سے ملی تو میں نے انہیں بھائی کہا تھا۔ تاہم جب میں اگلے دن ڈرامے کی شوٹنگ پر پہنچی تو احد رضا میر نے مجھے بھائی پکارنے سے منع کر دیا تھا۔ عینا آصف کے مطابق احد رضا میر کا کہنا تھا کہ ’ مجھے کسی کا بھائی نہیں بننا ہے، مجھے بھائی مت پکارنا،‘ اس لیے وہ انہیں ’ سَر‘ کہہ کر مخاطب کرتی ہیں۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ’احد رضا میر کا شروع سے ہی اُن کے ساتھ رویہ بہت اچھا تھا۔ عینآصف نے مزید بتایا کہ شوٹنگ کے پہلے دن اُن کے سارے سین احد رضا میر کے ساتھ تھے اور اُنہیں شوٹنگ پر بہت مزہ آیا تھا۔‘ حال ہی میں عینا آصف کی جانب سے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر احد رضا میر کے ہمراہ چند تصویریں شیئر کی گئی ہیں، جس میں عینا آصف نے انہیں اپنا پسندیدہ اداکار قرار دیتے ہوئے ایک عظیم انسان کا لقب دیا ہے۔ واضح رہے کہ 14 سالہ اداکارہ عینا آصف احد رضا میر کے ساتھ ایک ڈرامے کا حصہ ہیں، جس میں احد رضا میر ان کے بھائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔