Categories
پاکستان

امپورٹڈحکومت اہم تعیناتیاں نہیں کر سکتی،فواد چوہدری کے بیان نے نیا تنازعہ جنم دیدیا

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو آرمی چیف اور دیگر تعیناتیوں کا کوئی حق نہیں۔ اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ آئین منتخب وزیر اعظم کو آرمی چیف اور دیگر تعیناتیوں کا حق دیتاہے

لیکن موجودہ حکومت کو ایسی مستقل تعیناتیوں کا کوئی حق نہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ امپورٹڈحکومت ایسی تعیناتیوں کے خواب دیکھے گی تو ملک اور ادارے انارکی کا شکار ہوجائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حکومت کی حیثیت صرف عارضی ہے اور مستقل تعیناتیاں منتخب حکومت کرے گی۔ فواد چوہدری کے جواب میں سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھاکہ آرمی چیف کی تعیناتی کو پہلے سے ہی متنازع بنانا آپ کی جماعت کی طرف سے اس ملک کو انارکی طرف دھکیلنے کی ایک غیر ذمہ دارانہ کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی حوس میں آپ کا یہ بیان فوج میں تقسیم پیدا کرنے کی سازش ہے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ عراق، لیبیا کی مثال سامنے رکھیے، فوج سے اختلاف ضرور لیکن وہ ایک قومی ادارہ ہے۔