ترکی میں دلہن اپنے جوتوں کے نیچے کس کا نام لکھتی ہے ؟ شادی بیاہ سے متعلق چند دلچسپ حقائق

لاہور: (ویب ڈیسک) آج ہم اپنے آرٹیکل میں ترکی میں شادی کے موقع پر ہونے والے ایسے رسم و رواج کے بارے میں بات کریں گے جنھیں جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ شادی کے دن دلہن کا بھائی یا خاندان کا کوئی قریبی مرد رشتے دار دلہن کی کمر پر سرخ رنگ کی ایک بیلٹ باندھتا ہے۔ جس کے بعد دلہن گھر کے تمام افراد کو باری باری الوداع کرتی ہے۔ دلہن کے بھائی جہیز پر کیوں بیٹھ جاتے ہیں؟جس وقت دلہن کو اپنے والدین کے گھر سے رخصت ہونا ہوتا ہے اس وقت دلہن کے بھائی رکھے گئے جہیز کے اوپر بیٹھ جاتے ہیں۔ یہ ایک طرح سے ہمارے ہاں ہونے والی جوتا چھپائی کی رسم کی طرح ہے۔اس کے بعد دلہا کے گھر والے دلہن کے بھائیوں کو نیگ دیتے ہیں جس کے بعد وہ اپنی بہن کو رخصت کرتے ہیں۔ جب دلہا والے دلہن کے گھر بارات لے کر پہنچتے ہیں تو ان کی خاطر تواضع مزیدار کافی سے کی جاتی ہے سوائے دلہا کے کیونکہ دلہا کو اس کی دلہن خود کافی پیش کرتی ہے جس میں چینی کے بجائے نمک ملایا جاتا ہے اور دلہا کو وہ نمکین کافی چہرے پر کسی قسم کے تاثرات لائے بغیر پینی ہوتی ہے۔ رواج کے مطابق یہ دلہا کی جانب سے محبت کی علامت ہے۔ شادی کے بعد دلہا دلہن ایک دوسرے کے پیر کے اوپر پیر مار کر اپنا غلبہ جتانے کی کوشش کرتے ہیں۔ جو زیادہ تیزی سے پیر کے اوپر پیر مارے گا شادی میں وہی غالب رہے گا۔ دلہن جوتے پر کس کا نام لکھتی ہے؟ شادی سے پہلے دلہن اپنے جوتوں کے نیچے اپنی غیر شادی شدہ سہیلیوں اور بہنوں کا نام لکھتی ہے۔ دلہن کے بجائے اس کی سہیلیاں بھی اپنا نام لکھ سکتی ہیں۔ جس لڑکی کا نام سب سے پہلے مٹتا ہے رواج کے مطابق مانا جاتا ہے کہ اگلی شادی اسی کی ہوگی۔