دعا زہرا پنجاب کے کس شہر میں موجود ہے؟

کراچی ( نیوز ڈیسک ) کراچی پولیس نے لا پتہ لڑکی دعا زہرہ کا سراغ لگا لیا ، دعا زہرہ کو لاہور میں ٹریس کیا گیا۔نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق کراچی پولیس نے دعا زہرہ کو لاہور میں ٹریس کیا جسے جلد ہی کراچی منتقل کیا جائے گا۔خیال رہے کہ قریب 10 روز قبل کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی گولڈن ٹاؤن میں گھر کے باہر سے دعا زہرہ غائب ہوگئی تھی ، تاہم پولیس حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ دعا کو اغوا نہیں کیا گیا ہے بلکہ وہ اپنی
مرضی سے گئی ہے ۔ پولیس کی تفتیشی رپورٹ اور بچی کے اہلخانہ کے بیانات میں تضادات سامنے آئے ۔پولیس رپورٹ کے مطابق لاپتہ بچی کے والد نے بتایا کہ دعا ساتویں جماعت کی طالبہ ہے جبکہ سکول انتظامیہ کے مطابق بچی تیسری جماعت تک سکول آتی تھی، تیسری جماعت تک بچی کے اسکول آنے کی تصدیق کلاس فیلوز نے بھی کی۔ تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ دعا تیسری جماعت سے سکول ہی نہیں گئی۔تفتیشی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے نجی سکول کے پرنسپل، ساتھی طالبات سے بھی معلومات حاصل کی ہیں جبکہ گھر میں لگے انٹرنیٹ ڈیوائس سے بھی اہم شواہد ملے ہیں، پولیس کا دعویٰ ہے کہ کوٹ میرج اور پسند کی شادی سے متعلق سرچ ہسٹری ملی تھی۔دوسری جانب دعا زہرہ کی تلاش کے لیے حساس اداروں اور کراچی پولیس پر مشتمل ٹیم نے ڈی ایس پی شوکت شاہانی کی سربراہی میں سانگھڑ کے زاہد ٹاون اور راجپوت کالونی کو گھیرے میں لے کر کئی گھنٹے تک سرچ آپریشن کیا اور بعض مشکوک گھروں کی تلاشی بھی لی گئی۔ اب پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ دعا زہرہ کو لاہور میں ٹریس کیا گیا ہے جسے جلد کراچی منتقل کیا جائے گا۔