لاہور(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر وکیل احسن بھون نےکہا کہ مریم نواز عمرہ پر جانا چاہتی ہیں ، یہ نیکی کاکام ہے ۔ جسٹس علی باقر نجفی نےریمارکس دیے کہ ” نیکی کر دریا میں ڈال”۔ فاضل جسٹس کے ریمارکس پر کمرہ عدالت قہقہوں سے گونج اٹھا ۔
مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس فاروق حیدر نے کی ، مریم نواز کے وکیل احسن بھون اور نیب کے وکیل فیصل بخاری عدالت میں پیش ہوئے ۔ لاہور ہائیکورٹ نے مریم کی متفرق درخواست پر وفاق سے ای سی ایل رولز سے متعلق جواب طلب کیا ، عدالت نے نیب کو بھی کل کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔ مریم نواز کے وکیل احسن بھون نے کہا کہ میری موکلہ کی درخواست اس عدالت کے سامنے صرف پاسپورٹ واپسی کی حد تک ہے ، ای سی ایل میں نام کے حوالے سے حکومت دیکھے گی ۔ جسٹس علی باقر نجفی نے ہدایت کی کہ ای سی ایل کے جو رولز بنے ہیں وفاقی حکومت کے وکیل پیش کریں ۔ نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے مریم نواز کی ضمانت کو چیلنج کیا ہوا ہے ، ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف نیب کی اپیل زیر سماعت ہے ۔ جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ آپ ضمانت کے خلاف اپیل پر سماعت کرانا بھی نہیں چاہتے جس پر وکیل نیب نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں اس معاملے پر سماعت ہو مگر اب تک کیس سماعت کیلئے مقرر نہیں ہوا۔