جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے!!! لڑکی چلتی ٹرین کے نیچے آنے کے باوجود زندہ بچ گئی؛ حیرت انگیز مناظر کی وائرل ویڈیو

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھرمیں روز ہی مختلف طرح کے حادثات جنم لیتے ہیں ان میں بعض خطرناک ہونے کے باوجود کسی بھی جانی نقصان سے محفوظ رہتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس میں پیش آیا جس کی دل دہلادینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ 29 مارچ کوارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس کے ریلوے اسٹیشن پرپیش آیا جہاں ایک لڑکی چلتی ٹرین میں سوار ہونے کے لئے جب اس کے قریب گئی تو وہ ٹرین سے ٹکرا کر اچانک پٹری پر گر گئی۔ یہ لڑکی کی خوش قسمتی کہہ لیں کہ وہ چلتی ٹرین کی پٹری پر گرنے کے باوجود معجزاتی طور پر محفوظ رہی۔ وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح لڑکی چکراتے ہوئے چلتی ٹرین کی پٹری پر گر جاتی ہے۔ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی بڑی تعداد یہ منظر دیکھ خوف زدہ ہوگئی اور لڑکی کو بچانے کے لئے اس کی طرف دوڑے اور اسی وقت ٹرین کو بھی روک لیاگیا، اس طرح اس کی جان بچ گئی اور صرف معمولی خراشیں آئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکی کا نام کینڈیلا ہے جس نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ اسے نہیں معلوم کہ اس کے ساتھ کیا ہوا اور کس طرح محفوظ رہی اس کا کہنا ہے کہ اسے دوسری زندگی ملی ہے۔