ممبئی(ویب ڈیسک) ساؤتھ انڈین فلم کے جی ایف ٹو کے مداح نے شادی کے کارڈ پر فلم کا ڈائیلاگ لکھوا لیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ ساؤتھ انڈین فلمیں باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ رہی ہیں، کے جی ایف ٹو دنیا بھر میں 700 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہیں،
اس سے قبل فلم ’پشپا‘ اور ’آر آر آر‘ باکس آفس کامیاب ہوئی تھیں۔ مداحوں کی جانب سے کے جی ایف ٹو کے مرکزی کردار یش کی اداکاری کو خوب سراہا جارہا ہے اور ان اداکاری کی خوب تعریف کی جارہی ہے۔ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے ایک دلہے نے اپنی شادی کے کارڈ پر ہی فلم کا مشہور ڈائیلاگ لکھوا لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دلہے چندر شیکھر اور دلہن شویتا 13 مئی کو شادی کے بندھن میں بندھیں گے، فلم کا مشہور ڈائیلاگ ہے کہ تشدد، تشدد، تشدد، مجھے یہ پسند نہیں ہے، میں اجتناب کرتا ہوں لیکن میں اس سے بچ نہیں سکتا۔‘ دلہے نے اپنے شادی کے کارڈ پر لکھوایا کہ ’شادی شادی، شادی، مجھے یہ پسند نہیں، میں اجتناب کرتا ہوں لیکن میرے رشتہ دار شادی کو پسند کرتے ہیں میں بچ نہیں سکتا۔‘ دلہے کا شادی کا کارڈ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے اور مداحوں کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’میں اپنی شادی کا کارڈ اسی طرح پرنٹ کروں گا۔‘ کچھ صارفین نے دلہا کو یش کا سب سے بڑا مداح قرار دیا جب کہ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’مشہور ڈائیلاگ آپ دونوں کے ایک ہونے سے حقیقی زندگی میں بدل گیا۔ تم دونوں ہمیشہ خوش رہو۔‘ ایک تیسرے صارف نے لکھا کہ مشہور ڈائیلاگ جنون میں مبتلا ہوگیا آپ دونوں کو مبارک ہو۔‘