”کبیر سنگھ“ نے شاہد کپور کی کونسی بُری عادت چھڑوائی؟

ممبئی(ویب ڈیسک) شاہد کپور بالی وڈ کے معروف اداکار ہیں۔ وہ اپنی صحت اور خوراک کے حوالے سے بھی کافی نظم و ضبط رکھنے والے اداکار ہیں۔شاہد کپور نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ کامیاب فلم ”کبیر سنگھ“ نے میری سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے کی راہ ہموار کی،

اب میں سگریٹ نہیں پیتا۔اداکار نے کہا کہ میں اکثر سگریٹ نوشی کرتا تھا لیکن اب کچھ عرصے سے سگریٹ کو ہاتھ بھی نہیں لگایا، سگریٹ کی عادت چھڑوانے میں فلم ”کبیر سنگھ“ نے اہم کردار ادا کیا۔شاہد کپور نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران میں نے بہت زیادہ سگریٹ نوشی کی، فلم میں نبھائے گئے کردار کی وجہ سے حقیقی زندگی میں میری یہ عادت چھوٹ گئی۔فلم کی شوٹنگ کے لیے شاہد کپور ایک دن میں تقریباً 20 سگریٹ پیتے تھے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میں تمباکو نوشی کو بالکل بھی پسند نہیں کرتا تاہم کردار کے لیے اس کی ضرورت تھی۔شاہد کپور اپنی آنے والی فلم ”جرسی“ کی ریلیز کے انتظار میں ہیں۔ فلم اپنے خلاف سرقہ کا مقدمہ جیتنے کے بعد 22 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔