ٹوکیو(ویب ڈیسک) جاپان نے کھانے میں نمکین ذائقے کو بڑھانے والی الیکٹرک چاپ اسٹکس تیار کرلی ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کے محققین نے ایسی کمپیوٹرائز الیکٹرک چاپ اسٹکس تیار کرلی ہیں جو کھانے میں نمکین پن کے احساس کو بڑھاتی ہیں۔محققین کا کہنا ہے کہ ان چاپ اسٹکس کو تیار کرنے کا مقصد ممکنہ
طور پر ان لوگوں کی مدد کرنا جنہیں اپنی خوراک میں نمک کو کم کرنے کی ضرورت ہے،رپورٹس کے مطابق جاپان کی میجی یونیورسٹی کے پروفیسر ہومی میاشیتا اور مشروبات بنانے والی کمپنی کیرن ہولڈنگز کے تعاون سے تیار کردہ چاپ اسٹکس کلائی پر پہنے ہوئے ایک منی کمپیوٹر اور الیکٹرک محرکات کی مدد سے کھانے میں نمکین ذائقے کو بڑھاتی ہیں۔میاشیتا کا کہنا ہے کہ یہ کلائی پر پہننے والا آلہ کھانے سے سوڈیم آئونز(sodium ions) کو چاپ اسٹکس کے ذریعے منہ تک منتقل کرنے کے لیے ایک کمزور الیکڑک کرنٹ کو استعمال کرتا ہے جہاں وہ کھانے میں نمکین پن کا احساس پیدا کرتے ہیں۔میاشیتا کے مطابق اس کے نتیجے میں کھانے میں نمکین ذائقہ 1.5 گنا بڑھ جاتا ہے۔رپورٹس کے مطابق نمکین ذائقہ بڑھانے والی یہ چاپ اسٹکس جاپان میں خاص طور پر مطابقت رکھتی ہیں کیونکہ وہاں زیادہ ترکھانے نمکین کھائے جاتے ہیں۔اندازے کے مطابق اوسطاً جاپانی بالغ روزانہ تقریباً 10 گرام نمک کا استعمال کرتا ہے جو کہ عالمی ادارہ صحت کی تجویز کردہ مقدار سے دوگنا ہے۔نمک کی زیادہ مقدار کے استعمال سے ہائی بلڈ پریشر، فالج اور دیگر بیماریوں میں اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔جاپانی محقق کا کہنا ہے کہ ان بیماریوں سے بچنے کے لیے، ہمیں اپنی خوراک میں نمک کی مقدار کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔کیرن اورہومی میاشیتا اپنی یہ الیکٹرک چاپ اسٹکس کو بہتر کر رہے ہیں اور ان کو امید ہے وہ اگلے سال کے اوائل میں انہیں عوام کیلئے فروخت کرنے کیلئے پیش کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل جاپانی پروفیسر ہومی میاشیتا نے ٹیسٹ دی ٹی وی (TTTV) نامی ایک ڈیوائس تیار کی تھی جس میں اسکرین پر نظر آنے والی چیز کا ذائقہ چکھا جاسکتا تھا۔