عمران خان کی امریکی کانگریس وومن الہان سے ملاقات!!! کیا سازش کے موضوع پر بات ہوئی؟

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکی کانگریس ویمن الہان عمر نے بدھ کو پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ان کے گھر پر ملاقات کی ہے۔ سابق وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے الہان عمر اور عمران خان کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں کی ملاقات بنی گالہ میں ہوئی ہے۔ شیریں مزاری کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اسلاموفوبیا اور اس سے جڑے دیگر معاملات پر بات چیت کی ہے۔ ’الہان نے عمران خان کی عالمی سطع پر اسلاموفوبیا پر پوزیشن اور خلاف کام کرنے پر انہیں سراہا۔‘ شیریں مزاری کے مطابق عمران خان نے متعدد معاملات پر الہان عمر کے ’جرات مندانہ‘ اور اصولی مؤقف پر ان کی تعریف کی۔ الہان عمر بدھ کی صبح پاکستان پہنچی تھیں۔ عمران خان کی امریکی کانگریس ویمن سے ملاقات ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنی حکومت گرانے کا الزام امریکہ پر لگارہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی اس ملاقات پر تبصرے کیے جارہے ہیں۔ احمد قریشی نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’سابق وزیر اعظم عمران خان جو امریکی حکام اور پاکستانی سیاستدانوں کے درمیان ملاقاتوں کو مداخلت اور سازش کہتے ہیں ایک امریکی قانون ساز کی اپنی جماعت کے لیے اپنی حمایت کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔‘ ذوالقرنین طور نامی صارف نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’پچھلے کچھ دنوں سے عمران خان امریکہ پر اپنی حکومت گرانے اور سازش کرنے کا الزام لگارہے ہیں۔‘ انہوں نے الہان عمر سے پوچھا ’کیا آپ سے اس موضوع پر عمران خان نے بات کی کیونکہ آپ بائیڈن کی جماعت کا حصہ ہیں۔‘