دکھائی نہ دینے والی تصویر کی رسید بھی 12 لاکھ ڈالر میں فروخت!! سب حیرت میں مبتلا

لاہور: (ویب ڈیسک) لگتا ہے کہ یہ دنیا حیرت ناکیوں سے بھری ہوئی ہے۔ اب ایک مشہور نیلام گھر نے برسوں قبل مشہور فن کار کی ایسی پینٹنگ کی رسید بھی نیلام کی ہے جو درحقیقت اس وقت بھی نظر نہیں آتی تھی۔ انویزیبل آرٹ نامی یہ شاہکار فرانسیسی مصورایو کلائن نے تیار کیا تھا اور اس کی رسید بھی دی گئی تھی۔ اب خریداری کی یہ رسید 12 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی ہے جو پاکستانی روپوں میں 20 کروڑ روپے تک ہے۔ یہ رسید مشہور عالمی نیلام گھر سودبے نے فروخت کی ہے۔ ایو کلائن نے اپنے کیریئر کے عروج پر فرضی تصاویر (امیجری آرٹ سیریز) کے تحت کئی شاہکار بنائے تھے۔ توقع تھی کہ اس پینٹنگ کی رسید زیادہ سے زیادہ ساڑھے پانچ لاکھ ڈالر میں فروخت ہوجائے گی۔ لیکن حیرت انگیز طور پر یہ دوگنی قیمت سے زیادہ پر فروخت ہوئی ہے۔ مصوری کے شاہکار کی رسید پر جو تاریخ رقم ہے وہ سات دسمبر 1959 کو ظاہر کرتی ہے اور ایوکلائن کے آخری کاموں میں سے ہے کیونکہ 1963 میں اس کا انتقال ہوگیا تھا۔ واضح رہے کہ سودبے نے کہا ہے کہ کلائن کے کام کی آخری رسیدیں ملنا اب بھی مشکل ہے کیونکہ ایک کھیل میں اس نے خریداروں سے کہا تھا کہ وہ رسیدیں جلادیں یا کچھ سونا دریا میں پھینکیں تاکہ وہ اس کے شاہکار کے اصل مالک بن سکیں اور لوگوں نے دیکھا دیکھی اس پر عمل بھی کیا تھا۔ بعض افراد نے کہا ہے کہ ایو کلائن نے کرپٹو کرنسی اور این ایف ٹی کی پیشگوئی بھی کی تھی۔