قانون صرف تحریک انصاف پر نہیں سب پر لاگو ہوتا ہے،شاہ محمود قریشی الیکشن کمیشن پر برس پڑے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما وسابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور دلائل دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انور منصور کو دلائل مکمل کرنے

کیلیے تین دن درکار ہیں پی ٹی آئی وکیل نے درخواست دی ہے کہ 27، 28، 29 اپریل کےدن دیے جائیں، امید ہے الیکشن کمیشن ہمیں اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نےسب کچھ سامنے رکھ دیا لیکن دیگر سیاسی جماعتوں سے کون پوچھے گا، ہماری اسکروٹنی ہو رہی ہے ہمیں اعتراض نہیں لیکن دیگر جماعتوں کی بھی اسکروٹنی ہونی چاہیے اور انہیں بھی اسی پیمانے پر پرکھا جائے جس پر ہمیں پرکھا جارہا ہے، امید ہے الیکشن کمیشن دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی ہمارے ساتھ کھڑا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب پرلاگوہوتا ہے صرف تحریک انصاف ہی پر نہیں، ہمارا دامن صاف ہے ہم نے لوگوں کی مدد سے وسائل جمع کیے ہیں، ہم نے خزانے کو نہیں لوٹا، اوورسیز نےساتھ دیا اور دے رہے ہیں۔