نازیہ حسن کے بیٹے نے والدہ کا خواب پورا کردیا

لاہور(ویب ڈیسک) گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن نے بہن کی بیٹے آریز کے ہمراہ نایاب تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ آریز نے وکیل بن کر نازیہ کا خواب پورا کردیا۔ زوہیب حسن نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں تصویر کے حوالے سے بتایا کہ یہ نازیہ حسن کی
اپنے نومولود بیٹے آریز کے ساتھ کراچی میں اپنی والدہ کے گھر پر انتہائی نایاب تصویر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’کینسر کے علاج کے دوران نازیہ نے اپنے ڈاکٹر سے کہا کہ وہ براہ کرم کوشش کریں اور انہیں جینے کے لیے تھوڑا اور وقت دیں تاکہ میں اپنے بیٹے کو بڑا ہوتا دیکھ سکوں۔‘ زوہیب حسن کے مطابق خدا نے بدقسمتی سے اسے زیادہ وقت نہیں دیا لیکن اس کی خواہش کے مطابق اس کے بیٹے کو ایک خوبصورت، خیال رکھنے والا اور کامیاب فرد بنا دیا جس کی پرورش اس کی نانی، بہن زہرہ اور میں نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ نازیہ حسن کا خواب تھا کہ وہ اپنے بیٹے کو وکیل بنائے اور آج جیسے وہ چاہتی تھی ویسا ہی ہوا، اب آریز دنیا کی سب سے بڑی قانونی فرموں میں سے ایک کے لیے کام کر رہا ہے۔