لاہور: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ پیغام رسانی کے لئے دنیا کی سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی ایپلیکیشن ہےاور آج ہم آپ کو واٹس ایپ گروپ یا واٹس ایپ براڈ کاسٹ کا فرق بتائیں گے۔ ویسے اسکول، کالجز، مدارس، دفاتر اور دیگر ادارے پیغام رسانی کے لیے واٹس ایپ گروپ بنا کر اپنے پیغامات بھیجتے ہیں کیونکہ اس سے ایک پیغام بیک وقت سینکڑوں افراد تک پہنچ جاتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ اپنے صارفین کو یہ سہولت بھی فراہم کرتا ہے کہ وہ یہ دیکھ سکیں ان کا پیغام کتنے لوگوں تک پہنچ گیا، کتنے لوگ باقی رہ گئے ہیں، کتنے لوگوں نے وہ پیغام ،ویڈیو یا تصویر دیکھ لی ہے۔ مگر ایسا کرنے سے اراکین کے پاس ایک دوسرے کے نمبر چلے جاتے ہیں ،دوسری مشکل یہ ہوتی ہے کہ اگر آپ نے گروپ میں کوئی پیغام دیا اور اس پیغام پر جو ردِ عمل آتا ہے وہ کئی اراکین کے لیے تکلیف دہ ہوتا ہے۔ تیسری مشکل یہ ہوتی ہے کہ بعض اوقات کسی پیغام پر تنقیدی ردِ عمل سے بحث چھڑ جاتی ہے اور اس کا حل یہ ہے کہ گروپ ایڈمن پیغام بھیجنے کا حق صرف اپنے پاس رکھے لیکن ایسی صورت میں گروپ کی افادیت ختم ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ واٹس ویپ کا دوسرا فیچر براڈکاسٹ اس کی نسبت زیادہ بہتر ہے، اس میں بھی صارف براڈ کاسٹ لسٹ بنا کر بیک وقت سینکڑوں افراد کو پیغام بھیج سکتا ہےلیکن اس کی خوبی یہ ہے صرف یہ لسٹ بنانے والے یا دوسرے الفاظ میں ایڈمن کو پتا ہوتا ہے کہ لسٹ میں کون کون لوگ ہیں ؟ کتنے لوگ ہیں ؟ گویا کہ ایک طرح کسی کا فون نمبر کسی دوسرے کے پاس نہیں جاتا۔ دوسری خوبی یہ کہ اس میں پیغام بھیجنے کی صورت میں یہ پیغام ایس ایم ایس کی طرح لسٹ میں موجود تمام افراد تک انفرادی طور پر جائے گا، اب اگر کوئی فرد اس پر جواب دینا چاہے، ستائش یا تنقید کرنا چاہے تو وہ جواب آپ کے پاس انفرادی طور پر آئے گا،لسٹ میں موجود دیگر افراد تک وہ جواب نہیں پہنچے گا۔ واٹس ایپ لسٹ میں بھی گروپ کی طرح 256 ممبرز کی گنجائش موجود ہے۔، گروپس کی طرح لسٹیں بھی لاتعداد بنائی جاسکتی ہیں۔ گروپ کی طرح لسٹ میں بھی یہ دیکھا جاسکتا ہے کہ کتنے لوگوں تک پیغام پہنچا، کتنے لوگوں نے دیکھ لیا اور ابھی کتنے لوگ باقی ہیں۔ البتہ واٹس ایپ صارفین کو یہ مشورہ دیتا ہے کہ لسٹ میں موجود ممبران تک پیغامات کی بہتر ترسیل کے لیے ضروری ہے کہ آپ ایک ساتھ کئی پیغامات نہ بھیجیں بلکہ ایک سے دوسرے پیغام کے درمیان تھوڑا سا وقفہ دیں ۔ ایک اور اہم بات براڈ کاسٹ لسٹ میں موجود افراد تک پیغام اسی صورت میں پہنچے گا جب آپ کا نمبر یعنی لسٹ بنانے والے کا نمبر مطلوبہ فرد کے موبائل فون میں محفوظ(Save) ہوگا۔ اگر کسی فرد کا نمبر آپ کے موبائل میں محفوظ (Save)ہے لیکن اس فرد کے موبائل میں محفوظ نہیں ہے تو اس تک پیغام نہیں پہنچے گا۔ دوسرا یہ کہ لسٹ میں دیے گئے پیغام پر جو جوابی پیغام آئیں گے وہ سب انفرادی طور پر آئیں گے اور ہوسکتا ہے کہ آپ کو ان سب کو جانچنا یا چیک کرنا مشکل ہوجائے۔ ہم نے قارئین کو واٹس ایپ کے ایک اہم فیچر کے حوالے سے آگاہی دے دی اب فیصلہ کرنا آپ کا کام ہے کہ آپ واٹس ایپ گروپ کا انتخاب کریں یا پھر واٹس ایپ براڈکاسٹ کا۔