اسلام آباد(ویب ڈیسک) کیسے کوئی حکومتی عہدے دار توشہ خانہ سے کوئی قیمتی تحائف خرید سکتا ہے؟اور کتنی قیمت ادا کرنا پڑے گی؟ نجی ٹی وی جیونیوز کے میزبان شاہ زیب خانزادہ نے بتا یا کہ سرکاری تحائف خریدنے کے لیے کیبنٹ ڈویژن ایف بی آر میں سرکاری شعبے کے ماہرین سے تحائف کی قیمت کا اندازہ لگائے گا
اس کے ساتھ ہی منظور شدہ پرائیویٹ پینل کے ذریعے بھی تحائف کی قیمت کا اندازہ لگایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق 30ہزار روپے سے کم قیمت کے تحائف بغیر کسی قیمت کی ادائیگی کے اپنے پاس رکھے جا سکتے ہیں اور30 ہزار سے زائد کے تحائف بنیادی چھوٹ کے بعد بقایا قیمت کا 50 فیصد ادا کرکے اپنے پاس رکھے جا سکتے ہیں۔مگر یہ چھوٹ نوادرات اور تاریخی اہمیت کے حامل تحائف پر دستیاب نہیں ہوگی۔میزبان کا کہنا تھا کہ ایسے تمام تحائف نمایاں سرکاری عمارتوں پر مناسب طریقے سے کیٹلاگ اور ڈسپلے کیے جائیں گے۔مختلف تحائف جو ایک ہی وقت میں ایک ہی اعلیٰ شخصیت نے کسی سرکاری اہلکار کو دیئے ہوں وہ قیمت کے تعین کی خاطر ایک ہی تحفہ تصور ہوں گے۔