لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان ندا یاسر کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں۔ 13 سال سے اپنے مارننگ شو میں مشہور شخصیات کے انٹرویوز لینے والی ندا یاسر حال ہی میں خود ایک پروگرام میں بطور مہمان مدعو کی گئیں جس میں وہ اپنی شادی اور زندگی سے متعلق بات کرتی ہیں۔
ندا یاسر نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کے شوہر یاسر نواز ان کے مارننگ شو کرنے کے خلاف تھے۔ ان کا خیال تھا کہ مارننگ شوز کی تاریخ پرکھی جائے تو اس میں کچھ شخصیات کی آگے چل کر شادیاں ٹوٹ چکی ہیں جس سے وہ خوفزدہ رہتے ہیں۔ ندا نے اپنے شوہر یاسر نواز کو مارننگ شو کرنے کے لیے راضی کیا تھا۔ اداکارہ نے بتایا کہ یاسر کو وہ والی بیوی چاہیئے کہ سرتاج کھانا لگا دوں اور جب میں کام سے فارغ تھی تب میں یاسر کے سب کام کرتی تھی، کھانا بھی پکاتی تھی مگر اب نہیں کرتی۔ انہوں نے بتایا کہ جب مجھے مارننگ شو کرتے 6 سال ہوئے تو بچوں کی تعلیم کے نتائج خراب ہوئے تو یاسر نے مجھ سے کہا اب ایسا ہوا تو بچوں کا اسکول چھڑوا دوں گا۔ شادی سے متعلق ندا یاسر نے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ یاسر کے گھر والے شروع سے بہت اچھے لوگ ہیں۔ انہوں نے شادی کے وقت ہم سے کوئی بڑا مطالبہ نہیں کیا تھا۔ ندا یاسر نے بتایا کہ ہمارے گھر کا اصول تھا کہ بچیوں کو پڑھا لکھا کر ان کی شادی کرتے ہیں۔ ہم لڑکے والوں کی جہیز کی ڈیمانڈ پوری نہیں کرتے۔ جب میری شادی ہوئی تو میرے پاس اپنی کمائی جمع ہوئی رکھی تھی۔ ندا نے بتایا کہ ان کی 21 برس کی عمر میں شادی ہوئی تھی۔ میں نے جو ڈراموں میں اداکاری کر کے پیسے جمع کیے تھے اس سے میں بیڈ سیٹ اور فریج خریدا، یاسر نے قالین پردے وغیرہ خریدے اور ہم نے مل کر اپنے پورشن کو بہت اچھی طرح سے سجایا تھا۔