ملک کا نیا وزیر خزانہ کون ہوگا؟ نام سامنے آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ میں وزارت خزانہ کا قلمدان مفتاح اسماعیل کو سونپے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے اہم کابینہ کمیٹیوں کی سربراہی خود کیے جانے کا امکان ہے جبکہ ای سی سی اور توانائی کمیٹی کی سربراہی وزیر اعظم اپنے پاس رکھ سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر اہم کابینہ کمیٹیوں کی سربراہی بھی وزیر اعظم اپنے پاس رکھ سکتے ہیں جن میں ایکنک کی سربراہی بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ بننے پر مفتاح اسماعیل کابینہ کمیٹیوں کی سربراہی سے محروم ہوجائیں گے لہذا وزیر اعظم کے پاس مفتاح اسماعیل کو 6 ماہ کیلئے وفاقی وزیر بنانے کا آپشن بھی موجود ہے۔ عدالتی فیصلے کے تحت مشیر اور معاونین کابینہ کمیٹیوں کے سربراہ یا رکن نہیں بن سکتے، مفتاح اسماعیل کو وفاقی وزیر بنانے کی صورت میں کمیٹیوں کی سربراہی ان کے سپرد کی جاسکتی ہیں ۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعظم جلد کابینہ کمیٹیوں کی سربراہی سے متعلق فیصلہ کریں گے اور کابینہ ڈویژن کی سمریوں پر کابینہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے بطور وزیر اعظم کابینہ کمیٹیوں کی سربراہی اپنے پاس رکھی تھی جبکہ عمران خان نے بطور وزیر اعظم کسی کابینہ کمیٹی کی سربراہی اپنے پاس نہیں رکھی تھی۔