افغان ناظم الامور سردار احمد شکیب نے کہا ہے کہ افغان حکومت کسی کو اجازت نہیں دے گی کہ پاکستان یا کسی بھی ملک میں جاکر غیر قانونی کارروائی کرے۔ انہوں نے جیو نیوز سے بات چیت میں واضح کیا کہ امیرالمؤمنین کی ہدایات کے مطابق کسی بھی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی، اور ماضی میں بھی ایسے کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سردار احمد شکیب نے کہا کہ افغانستان کی طالبان حکومت پاکستان میں بدامنی کی حمایت نہیں کرتی اور ہم نے تمام عناصر کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ پاکستان سمیت کسی بھی ملک میں غیر قانونی سرگرمیوں سے باز رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ افغان حکومت کی جانب سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔
پشاور میں قومی ترانے کی بے حرمتی کے معاملے پر، افغان ناظم الامور نے وضاحت کی کہ قونصل جنرل کی موسیقی کی پالیسی کے باعث تقریب میں کھڑے نہ ہونے کا مقصد کسی کی توہین کرنا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر پاکستان کی جانب سے موصول ہونے والا مراسلہ کابل بھیج دیا گیا ہے، اور افغان حکومت پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم رکھنا چاہتی ہے۔
سردار احمد شکیب نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کو اقتصادی و تجارتی تعاون کے ذریعے قریب آنا چاہیے، اور طورخم راستے کی بندش سے افغان سبزیوں اور پھلوں کی تجارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ایک ماہ سے کسی بھی تجارتی گاڑی کی آمد و رفت نہیں ہوئی ہے، جس کے باعث دونوں ممالک کی تجارت متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
Discussion about this post