معروف بالی ووڈ اداکار پاکستانی فلم میں جلوہ گر ہونگے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکار سونو سود بھی پاکستانی فلم ’عشق پازیٹو‘ میں ایک کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

نور بخاری کی ہدایت میں بننے والی پاکستانی فلم ’عشق پازیٹو‘ میں میوزک بینڈ ‘راگا بوائز’ کے گلوکار ولی حمید علی خان اور نور خود مرکزی کردار ادا کریں گی اور اب اس کی کاسٹ میں سونو سود کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔

بولی وڈ اداکار سونو اس فلم میں ایک مختصر کردار کرتے نظر آئیں گے جس کے لیے انھیں ان کے دوست ولی نے راضی کیاہے۔سونو اس فلم میں ایک کہانی بیان کرنے والے شخص کا کردار ادا کررہے ہیں جس کی شوٹنگ انہوں نے ممبئی کے فلم سٹی سٹوڈیو میں مکمل کرلی ہے۔

فلم ’عشق پازیٹو‘ میں اداکار سعود، شفقت چیمہ، صائم علی اور دردانہ بٹ بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔

اس فلم کو رواں سال عید الضحیٰ پر ریلیز کرنے کا ارادہ کیا گیا تھا تاہم فلم کی پہلی ہدایت کار سنگیتا کے پراجیکٹ کو چھوڑ کر جانے کی وجہ سے اس کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔