خاتون ٹی وی رپورٹر کو تھپڑ مارنے والے اہلکار کے بارے میں بڑی خبر آگئی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) خاتون اینکر کو تھپڑ مارنے پر لیاقت آباد نادرا آفس کے سکیورٹی گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق نادرا عملے اور سکیورٹی گارڈ نے لیاقت آباد نادرا آفس میں کوریج کے دوران نجی چینل کی خاتون صحافی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا جبکہ سکیورٹی گارڈ نے لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ بھی کی تھی ۔پولیس کے مطابق لیاقت آباد نمبر 4میں واقع نادرا آفس میں گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل کی خاتون اینکر جب شہریوں سے نادرا آفس میں درپیش مسائل معلوم کررہی تھیں تو وہاں موجود سکیورٹی گارڈ نے ان کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور دھکے دیتے ہوئے ہراساں کرنے کی کوشش کی ۔پولیس حکام نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد واقعہ کا مقدمہ نادرا آفس کے گارڈ سید حسن عباس کے خلاف تھانہ گلبہار میں درج کرلیا ہے ۔(ج،ع)