لاہوریوں کو بارش نے بے حال کر دیا!سڑکیں دریابن گئیں،ریکارڈ ٹوٹ گئے

لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا ، مسلسل برستے بادلوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم سہانا ہو گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے آج کراچی، سکھر ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہے گا ۔

نشیبی علاقے زیر آب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دفاتر اور سکول جانے والوں کو مشکلات پیش آئیں ۔ تاہم موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کا موڈ بھی خوشگوار ہو گیا ۔

شہر کے مختلف علاقوں میں 80 سے زائد فیڈرز بند ہونے کے باعث بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 95 رہا ۔

دوسری طرف شدید بارش کے بعد وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے انتظامیہ اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کا حکم دیا ہے ۔

ایوان وزیر اعلیٰ لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلٰی محمد شہبازشریف نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی جلد سے جلد نکاسی یقینی بنائی جائے اور اس حوالے سے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں ۔ عوام کو کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آنی چاہیئے ۔ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں ، دریاؤں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ کو مسلسل مانیٹر کیا جائے ۔ محمد شہبازشریف نے ہدایت کی کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض انجام دیں اور نکاسی آب کا عمل مکمل کرنے کے بعد رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے ۔

(ز،م)