طاہر القادری کا حکومت مخالف تحریک قصاص چلانے کا اعلان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) منہاج القرآن سیکریٹریٹ لاہور میں عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کا اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے لئے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں دو سال گزر جانے کے باوجود سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف نہ ملنے پر عوامی تحریک کی قیادت نے تشویش کا اظہار کیا۔
(جاری ہے...)

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فیڈرل کونسل کا کہنا ہے کہ شریف برادران نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر قتل نہیں کرائے تو ذمہ داروں کو جیل جانے سے کس نے روک رکھا ہے۔ فیڈرل کونسل نے حکومت مخالف تحریک کے تمام فیصلوں کی منظوری دیدی ہے۔

طاہر القادری نے ایک بار پھر آرمی چیف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف دلانے کی اپیل کی۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن کو حکومت مخالف کم از کم ایجنڈے پر اکھٹا کر رہے ہیں۔ عوامی تحریک کے قائد نے وزیر اعظم کو ایک نصیحت بھی کر ڈالی۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف 31 جولائی کا اعلان تحریک کا نقطہ آغاز ہے اور اس کا اختتام حکمرانوں کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے قومی مشاورتی کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔