پاکستان کی دو نامور خاتون سیاستدانوں کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا

کراچی (ویب ڈیسک) عدالت نے دہری شہریت کیس میں پیپلز پارٹی کی رہنما نادیہ گبول اور فرح ناز اصفہانی کے وارنٹ گرفتاری کردیے۔

سیشن جج جنوبی کراچی کی عدالت میں دہری شہریت کیس میں نااہل قرار دیے گئے ارکان اسمبلی کے خلاف فوجداری کارروائی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ ‏عدالت نے پیپلز پارٹی کی رہنما نادیہ گبول اور فرح ناز اصفہانی کو گرفتار کرکے یکم ستمبر تک پیش کرنے کا حکم دیا۔دہری شہریت کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل ہونے والی ‏ دونوں ملزماؤں کی بریت کی درخواستیں مسترد ہوچکی ہیں اور اب ان پر فرد جرم عائد کی جانی تھی۔ ‏فرح ناز اصفہانی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ علاج کےلیے ملک سے باہر ہیں اس لیے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔‏الیکشن کمیشن کے پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزماؤں کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ دہری شہریت کیس میں صوبائی الیکشن کمیشن کی درخواست پر دونوں خواتین کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ سابق سفیر حسین حقانی کی بیوی فرح ناز اصفہانی امریکا اور نادیہ گبول کینیڈا کی شہریت رکھتی ہیں۔ ستمبر 2012 میں دونوں کو سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62، 63 کے تحت نااہل قرار دے کر ان کے خلاف فوجداری کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر کراچی کی سیشن عدالت میں ان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔(ش س م۔ ن)