جاپان والے پاکستان کی ایک چیز کے دیوانے ہو گئے ہیں ؟ یہ کیا ہے ؟ اس خبر میں جانیے

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان نے روایتی تین پہیوں والے رکشے کی جاپان کو برآمد شروع کر دی ہے۔ اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق مقامی پاکستانی کمپنی سازگار انجینئرنگ جو فور سٹروک سی این جی آٹورکشہ اور آٹو موٹیو کی پیداوار دے رہی ہے نے یہ رکشے جاپانی مارکیٹ میں برآمد کرنا شروع کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ جاپان خود آٹو انڈسٹری میں خودکفیل ہے تاہم پاکستان کے روایتی رکشے نے جاپانی صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے جہاں جاپانی شہری اس رکشے کو تفریح کے علاوہ عام استعمال میں لاتے ہیں۔ سازگار انجینئرنگ کے سیلز ہیڈ محمد اسماعیل نے بتایا کہ پاکستان کے روایتی طور پر سجے ٹرک اوررکشوں کی عالمی مارکیٹ میں دھوم ہے۔ پاکستانی ٹرک آرٹ دنیا بھر میں مقبول ہے، اسی طرح جاپان میں روایتی طور پرسجائے گئے رکشوں کو مقبولیت مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی تاریخ میں پہلی بار تین پہیوں والی کسی گاڑی کو ہائی ویز پر آنے کی اجازت دی گئی ہے اور اس کی بنیادی وجہ اس کا قابل گرفت کنٹرول اور سیفٹی کا معیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی رکشے گنجان آباد علاقوں کی تنگ گلیوں میں سفر کرسکتے ہیں اسلئے یہ رکشے مختصر سفر کیلئے زیادہ موزوں سمجھے جاتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روایتی رکشوں کی برآمد میں اضافے کیلئے مزید اقدامات اور جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔(ش س  م۔ن)

 
Loading...