وہی ہوا جس کا ڈر تھا : ملک میں کتنی عیدیں ہوں گی؟ ایسی خبر آگئی کہ ہر کسی نے سر پکڑ لیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق عیدالفطر کا چاند 25 جون کو نظر آنے کے واضح امکانات ہیں جبکہ عید الفطر 26 جون کو ہو گی۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شوال کے چاند کی پیدائش 24جون کو صبح سات بج کر 31 منٹ پر ہو جائے گی اور چاند کی عمر 25 جون کو غروب آفتاب کے وقت 36 گھنٹوں سے زائد ہو گی۔ 

محکمہ موسمیات کا مزیدکہنا ہے کہ ملک کے زیادہ تر حصوں میں 25 جون کو موسم صاف یا جزوی طور پر ابرآلود رہے گا اور چاند کی عمر اچھی ہوگی اور شوال کا چاند 25 جون کی شام ملک کے مختلف حصوں میں دکھائی دے سکے گا۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں دو عیدوں کے امکانات بڑھ گئے۔ خیبر پی کے کی مسجد قاسم علی خان سمیت زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس سے ایک روز پہلے طلب کر لئے گئے ہیں اور چاند نظر آنے کی شہادت موصول ہونے کی صورت میں 25جون کو خیبر پختونخوا کے اکثریتی اضلاع میں عید الفطر منائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق مسجد قاسم علی خان سمیت زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس 25 جون کی بجائے 24 جون کو طلب کئے گئے ہیں کیونکہ خیبر پی کے کے اکثریتی اضلاع میں رمضان المبارک کا آغاز27 مئی بروز ہفتہ سے ہوا تھا اور اسی مناسبت سے 29 رمضان 24جون کو آتا ہے جبکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاورمیں 25جون کو طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور کی جانب سے خیبر پی کے کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی جو کہ مسجد قاسم علی خان میں بیٹھتی ہے کو 25جون کے اجلاس میں اپنا نمائندہ بھیجنے کی دعوت دی گئی ہے جس کے جواب میں مسجد قاسم علی خان کی جانب سے 24جون کے اجلاس میں حکومتی نمائندہ بھیجنے کا مطالبہ کیا گیا‘ تاہم اس مطالبے پر وزارت کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں دیا گیا ہے۔